Wednesday, August 4, 2010

موبائیل فون کنیکشن پانچ ارب ہو گئےایک اندازے کے مطابق گزشتہ اٹھارہ ماہ میں دنیا میں ایک ارب نئے موبائیل فون کنیکشن جاری ہوئے ہیں۔



تنظیم وائرلیس انٹیلیجنس کے جائزے کے مطابق اب دنیا بھر میں پانچ ارب موبائیل فون کنیکشن ہو چکے ہیں۔ بعض خطوں میں موبائیل کنیکشن کی شرح سو فیصد سے بھی زیادہ ہے جہاں ہر شخص کے پاس ایک سے زیادہ فون ہیں۔

موبائیل فونوں کے ایک تجزیہ نگار بین وُڈ نے کہا کہ برطانیہ ہی کی مثال لے لیں جہاں انیس سو ستاسی میں اندازہ لگایا گیا تھا کہ فونوں کی تعداد زیادہ سے زیادہ دس ہزار ہو جائے گی۔ لیکن اب یہاں تقریباً ہر بچے اور بالغ کے پاس فون ہے۔

انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں ہر برس تین کروڑ موبائیل فون بکتے ہیں۔

سن دو ہزار آٹھ کے اختتام کے دنوں میں دنیا بھر میں چار ارب موبائیل فون کنیکشنوں کا ہدف پار ہو گیا تھا۔وائرلیس انٹیلیجنس کے ماہرین کا کہنا ہے کہ سن دو ہزار بارہ کے وسط میں دنیا بھر چھ ارب موبائیل فون کنیکشن ہوں گے۔

موبائئل کنیکشنوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ چین اور انڈیا ہیں جہاں جون دو ہزار دس تک دنیا میں ان فونوں کی کل تعداد کے سینتالیس فیصد کنیکشن تھے۔

بین وڈ نے بتایا کہ پانچ ارب موبائیل فون کنیکشنوں کا مطلب ہے کہ دنیا میں کمپیوٹروں کے مقابلے میں موبائیل فونوں کی تعداد تین گنا زیادہ ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سن دو ہزار چورانوے سے اب تک دس ارب موبائیل فون بک چکے ہیں جن میں سے تین اعشاریہ چار ارب فون نوکیا کے تھے۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے اعلان کیا ہے کہ سکیورٹی کی وجوہات پر وہ بلیک بیری کی چند سروسز پر پابندی عائد کر رہے ہیں۔
(NNC)