Tuesday, August 31, 2010

امریکا:مسجد کا تعمیراتی سامان جلانے کی تفتیش شروع


نیویارک: ایف بی آئی نے امریکا میں ریاست ٹینسی اسٹیٹ کے علاقے نیش ول میں زیر تعمیرمسجد کا تعمیراتی سامان جلانے کی تفتیش شروع کردی۔ نیش ول میں زیر تعمیر مسجد کا سامان ہفتے کے روز جلا دیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ مسجد انتظامیہ کو پہلے سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ایف بی آئی نے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ کچھ عرصہ پہلے علاقے میں چاکنگ کے ذریعے نامعلوم افراد نے دیواروں پر یو آر ناٹ ویلکم لکھ دیا تھا۔ قرب و جوار کی مساجد کی انتظامیہ نے از خود سیکورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔

شیرف کا کہنا ہے کہ علاقے میں چوبیس گھنٹے پٹرولنگ شروع کردی گئی ہے۔ گراوٴنڈ زیرو کے قریب مسجد کے تنازع کے بعدامریکا کے مختلف شہروں میں مساجد کی انتظامیہ کو دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ کئی مقامات پر مساجد کی تعمیر روک دی گئی ہے۔ نیویارک میں ایک مسلمان ڈرائیور کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ امریکا کے مسلم رہنماوٴں نے اس مہم کو دائیں بازو کی کارستانی قرار دیا ہے۔