Friday, August 20, 2010

عالمی برادری کی سیلاب زدگان کیلئے امد اد کی یقین دہانی


واشنگٹن: عالمی برادری نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لئے چار سو چھیاسٹھ ملین ڈالر کی امداد کی یقین دہانی کرادی۔اقوام متحدہ نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کے لئے ابتدائی نوے دنوں کیلئے چار سو ساٹھ ملین ڈالر کا تخمینہ لگایا تھا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اٹھارٹی کے مطابق عالمی برادری نے چار سو چھیاسٹھ ملین ڈالر کی امداد کی یقین دہانی کروادی ہے۔

متاثرین کی امداد کے لئے سعودی عرب نے ایک سو چوبیس عشاریہ انتیس ملین ڈالر، امریکا نے پچھہتر عشاریہ چھ سات ملین، برطانیہ چونسٹھ عشاریہ چھ ملین، اقوام متحدہ نے ستائیس ملین، یورپی یونین نے پچیس عشاریہ چھ ملین، ناروے نے سولہ عشاریہ چھ ملین،جاپان نے چودہ عشاریہ چار ملین، جرمنی نے بارہ عشاریہ آٹھ ملین، ترکی نے گیارہ ملین، آئی ڈی بی نے گیارہ ملین، ڈنمارک نے دس ملین، چین، آسٹریلیا، سویڈن نے نو نو ملین جبکہ کویت اور اومان نے پانچ پانچ ملین ڈالر کی امداد کی یقین دہانی کروائی ہے۔ یہ امداد خوراک، ادویات، خیموں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی شکل میں متاثرین کو فراہم کی جائے گی۔