Wednesday, August 11, 2010

ملک بھر میں رمضا ن کا آغاز


اسلام آباد: ملک بھر میں رمضان کا آغاز ہوگیا ،آج پہلا روزہ ہے۔ زکوة کی کٹوتی کیلئے جمعرات کو بینک بند رہیں گے۔رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی ملک بھر میں مذہبی گہما گہمی شروع ہوگئی۔ ملک بھر میں عبادات کا خصوصی اہتمام کیا گیا جس میں مساجد میں تراویح کے خصوصی انتظامات قابل ذکر ہیں۔ اس با برکت مہینے کے حوالے سے خدا کی رحمت کے طلب گاروں میں خصوصی جوش و جذبہ پایا جاتا ہے۔ رمضان المبارک کا چاند نظر آنے پر ملک و قوم کی سلامتی، سیلاب زدگان کی بحالی، دہشت گردی سے نجات اور گناہوں سے مغفرت کے لئے اجتماعی اور انفرادی دعائیں کی جارہی ہیں جبکہ علماء کرام نے رمضان المبارک میں حکومتی اخراجات میں کمی اور سیلاب زدگان کی مدد کے لئے قومی بچت استعمال کرنے کا مطالبہ کردیا۔

کراچی میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس میں مولانا مفتی منیب الرحمن اور دیگر علماء نے رمضان کا چاند نظر آنے کا اعلان کرنے کے بعد قوم اور حکومت سے اپیل کی وہ سیلاب زدگان کی مدد کے لئے آگے بڑھیں، حکومت غیر ترقیاتی بجٹ میں کمی کرکے یہ رقم سیلاب زدگان پر خرچ کرے اور عوام نفلی حج کا پروگرام منسوخ کردیں اور یہ رقم سیلاب زدگان کی مدد کے لئے دیں تو انہیں مقبول حج کا ثواب ملے گا۔

مفتی منیب الرحمن نے حکومت سے جذبہء ِ خیر سگالی کے تحت ٹی وی چینلز پر پابندی ختم کرنے کا مطالبہ بھی کیا اور ٹی وی چینلز سے اپیل کی کہ وہ قومی اتفاق واتحاد کی خبروں کو اہمیت دیں اور انتشار پھیلانے والی خبروں سے گریز کریں۔ کراچی میں چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو سپارکو، محکمہ موسمیات اور پاکستان نیوی کی فنی معاونت حاصل تھی۔