Wednesday, August 4, 2010

کراچی : 63جاں بحق،فائرنگ و جلاؤ گھیراؤ جاری


کراچی: کراچی کے پرتشدد واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد تریسٹھ ہوگئی،مزید کئی گاڑیاں دکانیں اور تین مکانات جلا دیئے گئے۔ ایم پی اے رضا حیدر کے قتل کا مقدمہ تھانہ ناظم آباد میں درج کرلیا گیا۔کورنگی کے علاقے الطاف ٹاون میں فائرنگ سے چار افراد جبکہ زمان ٹاوٴن میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ شریف آباد تھانے کی حدود میں فائرنگ سے الطاف نامی شخص ہلاک ہوا۔ پیر آباد محمد پور میں جلال خان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔اسی علاقے سے ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی جسکی شناخت نہ ہوسکی۔

گودام چورنگی پر فائرنگ سے در محمد ہلاک ہوا۔ ابراہیم حیدری سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی جسے علاقہ مکین بغیر کاروائی کے ساتھ لے گئے۔ ملیر سٹی غازی ٹاوٴن میں آصف کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ پیر آباد مسلم آباد نمبر ایک پر اسماعیل نامعلوم افراد کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ آرام باغ میں فائرنگ سے اصغر ہلاک ہوگیا۔

الہ دین پارک کے قریب کار پر فائرنگ سے تین اور گلستان جوہر میں ٹیکسی پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس سرجن آفس سے حاصل ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق جناح اسپتال میں بیس، عباسی میں پندرہ، سول اسپتال میں اٹھارہ اور قطر اسپتال میں دو لاشیں لائی گئیں جبکہ گزشتہ رات عوامی کالونی میں ہلاک ہونے والے تین اور ماڈل کالونی میں ہلاک ہونے والے ایک شخص کی لاش علاقہ مکین بغیر کسی کارروائی کے لے گئے۔

دوسری جانب اورنگی ٹاون قصبہ کالونی اور محمدپور میں تین مکانوں کو آگ لگادی اور چار دکانیں نذر آتش کردی گئیں،عیسی نگری میں لیاری ایکسپریس وے کے نیچے کھڑے آٹھ ٹرک اردو سائنس کالج کے سامنے ایک ہوٹل پی آئی بی کالونی میں کپڑے کی ایک دکان لائنز ایریا اور شاہراہ قائدین پر چار آٹو رکشا جلا دئے گئے۔صدر میں مرشد بازار کے گراونڈ فلور پر شرپسند چند دکانوں کو آگ لگا کر فرار ہوگئے۔ عبداللہ ہارون روڈ پر الفلاح موبائل مارکیٹ کی پہلی اور دوسری منزل پر اچانک آگ بھڑک اٹھی فائر بریگیڈ آگ پر قابو پانے میں مصروف ہے۔مقتول ایم پی اے رضا حیدر کے قتل کا مقدمہ ناظم آباد تھانے میں مقتول کے بھانجے توقیر حیدر کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔
(NNC)