Tuesday, August 31, 2010

شہدادکوٹ: آبی ریلہ گاجی کھاڑو میں داخل


شہدادکوٹ: پانی کا ریلہ ضلع قنبر شہداد کوٹ کے شہر گاجی کھاوڑ میں داخل ہوگیا۔ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر ٹھٹہ کی تحصیل جاتی کو عوام نے خود خالی کردیا۔ چوہڑ جمالی کے قریب دو نہروں میں شگاف سے پانچ گاوٴں زیر آب آگئے۔ گاجی کھاوڑ میں سیلاب داخل ہونے سے شہر کے اسکولوں، تھانہ اور دیگر سرکاری عمارتوں میں چار فٹ پانی کھڑا ہوگیا ہے۔ قمبر کے گاوٴں سلطان جتوئی، آڈو لاشاری اور دھنی بخش اوڈانو اور مسو چانڈیو میں تقریباً ڈھائی ہزار افراد محصور ہیں۔ نصیرآباد شہر اور انڈس ہائی وے بچانے کے لیے گاجی کھاوڑ اور میہڑ روڈ پر حفاظتی بند کی تعمیر شروع کردی گئی۔ گاوٴں رضا محمد چانڈیو کے قریب بند میں گھارا مین ڈرین میں شگاف پڑنے سے سیلاب کا رخ وارہ کی جانب ہوگیا۔

ٹھٹہ میں چوہڑ جمالی کے قریب ستاوا نہر اور ماچکی نہر میں سیلاب کا پانی شامل ہونے سے بیس اور پچیس فٹ چوڑے شگاف پڑگئے۔ ستاوا کے قریب پانچ گاوٴں زیر آب آگئے۔ سیلاب کے خدشے کے پیش نظر شہریوں نے جاتی شہر ازخود خالی کردیا۔ پانی کا ریلہ تیزی سے جاتی شہر کی جانب بڑھ رہا ہے، لوگوں کو نقل مکانی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ تحصیل جاتی کے پچیس دیہات جاتی کو سجاول، ٹھٹہ اور دیگر شہروں سے ملانے والی سڑکیں زیر آب آگئیں۔