Tuesday, August 31, 2010

جعفرآباد:سیلابی پانی سے دس لاشیں برآمد


بلوچستان کے ضلع جعفر آباد میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے مزید دس افراد کی لاشیں ملی ہیں اور اب اس ضلع میں سیلاب کے پانی میں ڈوبنے والوں کی تعداد سنتالیس ہوگئی ہے۔

دوسری جانب سیلاب زدگان کے لیے امدادی سامان لیکر ترکی کا ایک جہاز کوئٹہ پہنچ گیا ہے۔

کوئٹہ سے بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق ضلع جعفر آباد میں اتوار کو ڈیرہ اللہ یار سے چار، صحبت پور سے چار اورگنداخہ سے دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ یہ تمام افراد سیلابی پانی میں ڈوب کر ہلاک ہوئے ہیں۔

ڈیرہ مراد جمالی میں حکام کا کہنا ہے کہ ان تمام لاشوں کو ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا لیکن تاحال ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔

ضلعی حکام کے مطابق اس سے قبل سیلاب سے سنتیس افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی تھی۔

دوسری جانب ترکی کا ایک جہاز امدادی سامان لے کر کوئٹہ پہنچ گیا ہے۔ کوئٹہ میں پی ڈی ایم اے کے ذرائع نے بتایاہے کہ امداد سامان میں ایک موبائیل فلڈ ہسپتال بھی شامل ہے جس کا سامان کوئٹہ سے سبی روانہ کر دیا گیا ہے۔ اس ہسپتال کو چلانے کے لیے ترکی سے ڈاکٹروں اور انجینئرز کی ٹیم بھی ساتھ آئی ہے۔