Wednesday, August 4, 2010

کراچی :پرتشدد واقعات ،ہلاکتیں80ہوگئیں


کراچی: کراچی میں ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی رضا حیدر کے قتل کے بعد پرتشدد واقعات میں ہلاک افراد کی تعداد اسی ہوگئی۔۔خلافت چوک میں چھ دکانیں جلا دی گئیں۔جامعہ کراچی کے ملتوی ہونے والے امتحانات کیلئے نئی تاریخوں کا اعلان کردیا گیا۔ پیر کی شام سے شروع ہونے والے پرتشدد واقعات میں اب تک اسی افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔شرپسندوں نے کروڑوں روپے کی املاک کو نذر آتش کردیا۔ قصبہ کالونی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم میں پانچ خواتین اور تین بچوں سمیت اٹھائیس افراد زخمی ہوگئے۔شرپسندوں نے علاقے کی بجلی منقطع کردی۔ کورنگی کے علاقے ضیا کالونی میں فائرنگ کرکے دو افراد کو ہلاک کردیا گیا۔ اورنگی ٹاون ،بلوچ کالونی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔

جوہر موڑ پر فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ۔پاپوش کے علاقے خلافت چوک پر شرپسندوں نے چھ دکانوں کو آگ لگادی۔بفر زون میں نامعلوم افراد نے ایک دکان جلادی۔ دستی بم کے دھماکے سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ کشیدہ صورتحال کے باعث جامعہ کراچی میں آج ہونے والے ایم بی بی ایس اور ایل ایل ایم کے امتحانات بھی ملتوی کردیے گئے ہیں۔ تین، چار اور پانچ اگست کو ملتوی ہونے والے پرچے اب دس، گیارہ اور بارہ اگست کو ہوں گے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں صورتحال سست روی سے معمول پر آ رہی ہے
(NNC)