Tuesday, August 31, 2010

بلوچستان: امدادی رقم بہت کم ہے


حکومت بلوچستان نے کہا ہے کہ بلوچستان میں سیلاب زدہ افراد کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت نے صرف پانچ کروڑ روپے کی امداد کی ہے جونہ ہونے کے برابر ہے اور صوبائی حکومت متاثرین کی بحالی کے لیے بین الاقوامی ڈونرکانفرنس بلانے پر غور کر رہی ہے۔

بلوچستان حکومت کی فوکل پرسن محترمہ راحیلہ درانی نے کوئٹہ میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے گیارہ اضلاع سیلاب سے متاثرہوئے ہیں لیکن سب سے زیا دہ نقصانات ضلع جعفر آباد میں ہوئے ہیں جہاں تقریباً چھ لاکھ افراد نہ صرف بے گھر ہوئے ہیں بلکہ چھ لاکھ ایکڑ سے زیادہ زرعی اراضی پر فصلیں بھی تباہ ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف علاقوں تقریباً چھ لاکھ افراد بلوچستان آ چکے ہیں جن کے لیے ڈیرہ مراد جمالی، سبی اور کوئٹہ میں چھبیس کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں سے گیارہ کیمپ آرمی اور فرنٹیئررکور کے کنٹرول میں ہیں۔