Saturday, August 7, 2010

سندھ: 125سے زائد مقامات پر سیلاب


سکھر: خیبر پختونخوا اور پنجاب میں تباہی کے بعد سیلابی ریلا سندھ میں خوف و ہراس پھیلا رہا ہے۔ گڈو بیراج میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ سکھر میں سپر فلڈ ڈیکلیئر کردیا گیا ہے جب کہ کوٹری بیراج میں بھی پانی بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔ نواب شاہ میں نقل مکانی پر مجبور کرنے کے لئے پچاس دیہات کی بجلی منقطع کردی گئی۔

طوفانی بارش کے بعد سیلاب کی شکل اختیار کرنے والا پانی بالائی سندھ تک پہنچ گیا۔ گڈو بیراج پر گذشتہ چھتیس گھنٹے سے انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ محکمہ آبپاشی کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد دس لاکھ باون ہزار آٹھ سو پچاس اور اخراج دس لاکھ باون ہزار تین سو بارہ کیوسک ہے۔ آج صبح پانی کی آمد و اخراج نو لاکھ باسٹھ ہزار کیوسک کے قریب تھا۔