Saturday, September 18, 2010

مشرف عبدالقدیر کو امریکا کے حوالے کرنا چاہتے تھے، جمالی


ڈیرہ مراد جمالی: سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ جمالی نے انکشاف کیا ہے کہ پرویز مشرف نے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو امریکا کے حوالے کرنے کا کہا تھا لیکن حکومت نے انکار کردیا تھا۔ ڈیرہ مراد جمالی میں آج نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے میر ظفراللہ جمالی نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر کے معاملے پر انہوں نے کابینہ کا اجلاس بلایا اور پھر پرویز مشرف سے کہا کہ آپ صدر ہیں عبدالقدیر کو امریکا کے حوالے کرسکتے ہیں، حکومت ایسا نہیں کرے گی۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مسلم لیگ پاکستان کی خالق جماعت ہے پاکستان کو بچانا ہے تو مسلم لیگیوں کو متحد ہونا پڑے گا۔ مختلف دھڑوں سے بات چیت جاری ہے آئندہ وزیراعظم مسلم لیگ کا ہوگا۔ ایک سوال پر میر ظفراللہ جمالی نے کہا کہ اب تک کوئی سابق صدر واپس نہیں آیا، پرویز مشرف سے گزارش ہے کہ انہوں نے ملک کے لیے جو کرنا تھا کرلیا اب دوسروں کو بھی موقع دیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے توڑی بند توڑنے والوں کیخلاف پٹیشن تیار کررکھی ہے جلد سپریم کورٹ میں داخل کرادیں گے۔