Wednesday, September 1, 2010

لاہور: 3 خودکش دھماکے، 37 افراد جاں بحق


لاہور: لاہور میں یوم شہادت علی کے جلوس میں تین دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونیوالے افراد کی تعداد سینتیس ہوگئی جبکہ دوسو باون زخمی ہیں، مشتعل مظاہرین نے پولیس اسٹیشن اور متعدد گاڑیوں کو آگ لگا دی۔ یوم شہادت علی کا جلوس نماز مغرب کے بعد کربلا گامے شاہ کے سامنے پہنچا تو پہلا دھماکہ گامے شاہ کے مین گیٹ کے باہر جبکہ دوسرا بھاٹی چوک کے قریب جلوس کے اندر ہوا۔ دھماکوں کے ساتھ ہی جلوس میں بھگدڑ مچ گئی اور جلوس کے شرکاء نے احتجاج شروع کردیا۔ زخمیوں کی ہسپتالوں میں منتقلی جاری تھی کہ نصف گھنٹے کے دوران مزید دو خودکش دھماکا ہوگیا۔

مشتعل مظاہرین نے دھماکوں کے بعد لوئر مال پولیس اسٹیشن پر حملہ کر دیا اور توڑ پھوڑ کے بعد عمارت کو آگ لگا دی۔ مظاہرین نے کئی گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو بھی نذر آتش کر دیا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ زخمیوں کو میوہسپتال، گنگا رام اور سروسز ہسپتال منتقل کردیا گیا، میو ہسپتال میں جاں بحق ہونیوالے دس افراد کی لاشیں اور ایک سو بیس زخمیوں کو لایا گیا جبکہ سروسز میں چار لاشیں اور دس زخمی اور گنگا رام میں تین لاشیں تیس زخمیوں کو لایا گیا۔ کمشنر خسرو پرویز نے دھماکوں کے بعد جائے حادثہ اور میوہسپتال کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور کا سر مل گیا ہے۔