Saturday, September 18, 2010

پیاز کی ایران سے درآمد شروع


کراچی: پیاز کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور طلب پر قابو پانے کے لئے ایران سے درآمد شروع کر دی گئی۔ کراچی سبزی منڈی ہول سیل ویجیٹیبل ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی شاہ جہاں نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ سرحد بند ہونے کے باعث افغانستان سے کابل اور پشاور کے ذریعے پیاز کی درآمد تاخیر کا شکار ہے۔ بھارت سے بھی پیاز کے درآمدی سودوں میں مشکلات درپیش ہیں، اس لئے اب ایران سے روزانہ ایک سو سے ڈیڑھ سو ٹن پیاز درآمد کی جا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کے باعث صرف بلوچستان سے پیاز کی ترسیل جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ کراچی ہول سیل مارکیٹ میں اول درجے کی پیاز چالیس سے پینتالیس روپے اور درمیانے درجے کی پیاز پچیس سے تیس روپے فی کلو گرام فروخت ہو رہی ہے، تاہم درآمد کے بعد قیمتوں میں کمی ہوگی۔