Tuesday, July 27, 2010

بلوچستان: چار نیٹو آئل ٹینکرز تباہ


بلوچستان کےعلاقے مچھ میں نامعلوم افراد نے جمعہ کی صبح افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے تیل لے جانے والے چار آئل ٹینکروں پر فائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں دولاکھ لیٹر تیل جل گیا ہے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔کوئٹہ سے ساٹھ کلومیٹر دور تحصیل مچھ کے قریب نامعلوم افراد نے ایک ہوٹل پر رکے ہوئے چھ آئل ٹینکروں پر فائرنگ کی ہے جس سے چار آئل ٹینکروں میں آگ لگنے کے باعث دو لاکھ لیٹر سے زیادہ تیل جل گیا۔

کوئٹہ میں بی بی سی کے نامہ نگار ایوب ترین کے مطابق فائرنگ سے چاروں آئل ٹینکرز بھی مکمل طور پر تبا ہ ہوئے ہیں۔ یہ آئل ٹینکرز افغانستان میں نیٹو افواج کے لیے کراچی سے براستہ سکھر قندھار جا رہے تھے۔

دوسری جانب وڈھ کے علاقے میں بھی نامعلوم افراد نے ایک کنٹینر کو نذرآتش کیا ہے جس سےافغانستان میں نیٹو افواج کے لیے لدا ہوا سامان مکمل طور پر جل گیا ہے۔

خیا ل رہے کہ بلوچستان کے راستے کراچی سے چمن تک کی بین الاقوامی شاہراہ پر روزانہ بیس ہزار سے زیادہ آئل ٹینکراور کنٹینرز افغانستان آتے اور جاتے ہیں۔

تین دن قبل کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری حبیب جالب بلوچ کی ہلاکت کے بعد اُن کی پارٹی کی اپیل پر بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر تین دن سے پہیہ جام ہڑتال جاری ہے جس کی وجہ سے ہزاروں کنٹینر اور آئل ٹینکرز بلوچستان کے مختلف مقامات پر روکے ہوئے ہیں۔