Wednesday, July 28, 2010

امریکہ کوئٹہ میں قونصل خانہ قائم کرے گا


کراچی میں متعین امریکی قونصل جنرل ویلیم جے مارٹن نے کہا ہے کہ امریکہ عنقریب کوئٹہ میں اپنا قونصل خانہ قائم کرے گا جس سے نہ صرف بلوچستان کی عوام بلکہ حکومت کے ساتھ روابط کو فروغ ملے گا۔قونصل خانے کی وجہ سے امریکہ صوبے میں جاری فلاحی و ترقیاتی منصوبوں کی بہترنگرانی کرسکے گا۔

قونصل جنرل نے یہ بات پیر کو کوئٹہ کے ایک مقامی ہوٹل میں امریکہ کی234ویں یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب صوبائی وزراء، سیکریٹریز، صوبے کی سیاسی و سماجی تنظیموں، میڈیا کے نمائندوں اور خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

امریکی قونصل جنرل ویلیم جے مارٹن نے کہا کہ انھیں فخر ہے کہ ہم تعلیم، صحت اور توانائی کے شعبوں میں اپنے دوست ملک کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

’امریکہ بلوچستان میں پانی کے مسئلے کے حل کے لیے پانی ذخیرہ کرنے کے منصوبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کرے گا، اس کے علاوہ اس وقت صوبے میں امریکہ کے تعاون سے آب پاشی کے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ توانائی کے بحران کے خاتمے کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں اس سلسلے میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کی مدد کر رہے ہیں تاکہ عام لوگوں کی مشکلات میں کمی آئے۔‘