Saturday, July 31, 2010

: سیلاب سے سینکڑوں لوگ ہلاک، لاکھوں متاثر




پاکستان کے مخلتف علاقوں میں بارشوں اور سیلابی ریلوں میں حکام کے مطابق سینکڑوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں اور وسیع پیمانے پر تباہی پھیلی ہے۔

پاکستان کے شمال مغربی علاقوں بشمول خیبر پختونخوا میں چار سو سے زیادہ لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

دریاؤں اور ندی نالوں کے بند ٹوٹنے کی وجہ سے لاکھوں لوگ بے گھر ہو گئے ہیں اور پورے پورے دیہات سیلابی ریلوں میں بہہ گئے ہیں۔ سیلابی پانی سے سڑکیں اور پل بھی تباہ ہوئے ہیں۔

غیرمعمولی بارشوں سے پاکستان کا صوبہ خیبر پختونخوا سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے سیلاب کی پیشگوئی کرنے والے ڈویژن کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر اور دریائے جہلم میں منگلا کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور جب یہ پانی پنجاب کے علاقوں میں داخل ہوگا تو بڑی تباہی کا خطرہ ہے۔دریائے سندھ کے کنارے واقع ضلع لیہ میں سیلابی پانی داخل ہوچکاہے جس کی وجہ سے کئی ہزار ایکڑ اراضی اور گھر زیر آب آچکے ہیں۔