Sunday, August 1, 2010

ناٹنگھم ٹیسٹ: پاکستان کوکامیابی کیلئے420 رنزدرکار


ناٹنگھم: ناٹنگھم ٹیسٹ کے تیسرے روز پاکستان نے انگلینڈ کے چار سو پینتیس رنز کے ہدف کے تعاقب میں تین وکٹوں کے نقصان پر پندرہ رنز بنالئے۔ناٹنگھم میں کھیلے جانے والے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے پہلی نامکمل اننگز ایک سو سینتالیس رنز نو کھلاڑی پر دوبارہ شروع کی تو اسے فالو آن سے بچنے کے لئے مزید آٹھ رنز درکار تھے۔ عمر گل اور محمد آصف نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو فالو آن سے بچایا۔

عمر گل نے کیرئیر بیسٹ پینسٹھ رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پاکستان کی پوری ٹیم ایک سو بیاسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے پانچ اور اسٹیون فن نے تین کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔ ایک سوباہتر رنز کی برتری کے ساتھ انگلینڈ نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اٹھارہ کے مجموعی اسکور پر کپتان اینڈریو اسٹراس اور الیسٹر کک آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

کیون پیٹرسن اور جونتھن ٹروٹ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں سینتالیس رنز کا اضافہ کیا۔ پیٹرسن بائیس،ٹروٹ چھبیس اور پال کولنگوڈ ایک رن بنا کر عمر گل کا شکار بنے۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز دو سو باسٹھ رنز نو کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو کامیابی کے لئے چار سو پینتیس رنز کا ہدف دیا۔ میٹ پرائر نے ناٹ آؤٹ ایک سو دو رنز کی اننگز کھیلی۔

عمر گل نے تین اور شعیب ملک دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹسمین ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف پندرہ کے مجموعی اسکور پر اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ عمران فرحت چھ اور نائٹ واچ مین محمد عامر بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔ اسٹورٹ براڈ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کو کامیابی کے لئے مزید چار سو بیس رنز درکار ہیں اور اسکی سات وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

(NNC)