Sunday, August 1, 2010

محمدرفیع کی 30 ویں برسی


کراچی: گلوکار محمد رفیع کو ہم سے بچھڑے تیس برس گزر گئے۔ محمد رفیع چو بیس دسمبر انیس سو چوبیس کو کوٹلہ سلطان سنگھ امرتسر پنجاب میں پیدا ہوئے۔ محمد رفیع کے خاندان نے انیس سو چھتیس میں لاہو میں سکونت اختیار کی۔انہوں نے اپنے براد نسبتی محمد حمید کی جانب سے حوصلہ افزائی پر استاد بڑے غلام علی خان اور استادعبدالوحید خان سے کلاسیکل گائیکی کی تربیت حاصل کی۔

محمد رفیع نے تیرہ سال کی عمر میں پہلی بار انیس سو اکتالیس میں عوامی جم غفیر کے سامنے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔محمد رفیع نے انیس سو چوالیس میں ممبئی کا رخ کیا۔ انہوں نے اپنی آواز کے جادو سے ہر ایک کو مسخر کرلیا۔ محمد رفیع نے موسیقار نوشاد، او پی نیر، شنکر جے کشن، ایس ڈی برمن سمیت ،متعدد موسیقاروں کے ساتھ کام کیا۔

انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران متعدد ایوارڈ سمیٹے۔ محمد رفیع آج ہم نہیں ہیں لیکن ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی اسی طرح ان کے مداحوں میں مقبول ہیں۔ انہوں نے گیتوں کے ساتھ ساتھ قوالیاں اور بھجن بھی گائے ہیں۔ محمد رفیع نے ہندی، کونکانی، اردو، بھوجپوری، پنجابی، بنگالی، مراٹھی، سندھی، کناڈا، گجراتی، ماجھی، مٹھیلی، تیلگو، انگلش اور فارسی زبان میں بھی گیت کاری کی۔محمد رفیع اکتیس جولائی انیس سو اسی بروز جمعرات کواس دنیا فانی سے رخصت ہوئے۔
(NNC)