
حیدرآباد: حیدرآباد میں بیروزگاری سے تنگ شخص نے خود سوزی کرلی۔ شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔بے روزگاری سے تنگ پچاس سالہ عبدالکریم نے کوہ نور شاپنگ سینٹر کے سامنے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگالی۔ بازار میں موجود افراد نے اسے بچایا اور زخمی حالت میں سول اسپتال منتقل کردیا۔
متاثرہ شخص نے میڈیا کو بتایا کہ وہ تیس سال سے کوہ نور شاپنگ سینٹر کے سامنے پکوڑوں کا اسٹال لگاتا تھا۔ تحصیل انتظامہ نے پندرہ روز قبل اسٹال ہٹادیا۔ جس کی وجہ سے وہ بے روزگار ہوگیا اور فاقہ کشی سے تنگ آکر یہ قدم اٹھایا۔ عبدالکریم نے حکومت سے اسٹال دوبارہ لگانے کی اجازت کی اپیل کی ہے۔