
افغانستان سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق مشرقی افغانستان میں واقع ایک امریکی اڈے پر طالبان نے حملہ کر دیا ہے۔
آخری اطلاعات تک خوست میں واقع اس اڈے پر زبردست لڑائی جاری تھی۔
ایک افغان سیکورٹی اہلکار نے بتایا کہ طالبان نے راکٹ لانچرز اور مشین گنوں سے اس امریکی فوجی اڈے پر حملہ کیا۔
اس حملہ میں اطلاعات کے مطابق تیئس کے قریب طالبان شامل تھے۔ افغان سیکورٹی اہلکار نے بتایا کہ حملہ آوور پسپا ہو کر ایک سکول میں مورچہ بند ہو گئے۔
نیٹو کا کہنا ہے کہ طالبان میں خود کش حملہ آوور بھی شامل ہیں۔
خوست کے اسی اڈے پر گزشتہ سال دسمبر میں ایک حملے میں سی آئی اے کے سات اہلکاروں ہلاک ہو گئے تھے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے افغان فوج کے میجر وزیر باچہ کے حوالے سے کہا ہے کہ فوج نے بارود سے بھری ایک ٹرک اور ایک گاڑی کو قبضے میں لے لیا ہے۔ یہ گاڑی کیچڑ میں پھنس گئی تھی۔