Wednesday, September 1, 2010

عراق سے امریکی فوج کا انخلاء خوش آئند ہے،نژاد


تہران: ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ہے عراق سے امریکی فوج کا انخلاء خوش آئند ہے مگر یہ انخلاء اس صورت میں قابل تعریف ہوگا اگر عراق کے اندرونی معاملات میں خارجی مداخلت ختم کی جائے۔ عربی زبان کے ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ایرانی صدر نے کہا کہ عراق سے امریکی فوج کا انخلاء اچھی بات ہے۔ عراق کو اپنے سیکورٹی معاملات خود سنبھالنے چاہئیں۔ تاہم عراق کے اندرونی معاملات میں خارجی مداخلت ختم ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عراق سے امریکی فوجی تو نکل گئے ہیں مگر امریکا نے وہاں ایسے لوگ چھوڑ دیئے ہیں جو عراق کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرتے رہیں گے۔ عراق جنگ میں بڑے پیمانے پر ہونے والے جانی اور مالی نقصان کے حوالے سے احمدی نژاد نے سوال کیا کہ اس کے لئے کس کو قصور وار ٹھرایا جائے،جارج بش کو، فوجی کمانڈرز کو یا امریکی حکومت کو۔ان کا کہنا تھا کہ نقصانات کے ازالے کے لئے کسی کو اس کی ذمہ داری قبول کرنی ہوگی اور دنیا سے یہ وعدہ کرنا ہوگا کہ اس قسم کی غلطی دوبارہ نہیں دہرائی جائے گی۔