Wednesday, September 1, 2010
حضرت علی کا یوم شہادت عقیدت سے منایا جا رہا ہے
کراچی: کراچی میں حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ مرکزی جلوس کی سیکورٹی کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ایم اے جناح روڈ پر آنے والی تمام رابطہ سڑکیں سیل کردی گئی ہیں اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے راستوں کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
لاہور میں مرکزی جلوس مبارک حویلی سے برآمد ہو گیا۔لاہور میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے یوم شہادت کے حوالے سے مختلف علاقوں میں مجالس منعقد کی گئیں اور تعزیتی جلوس نکالے گئے، جن میں عزاداروں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ اندرون شہر مبارک حویلی میں نماز فجر سے پہلے مجلس عزا منعقد کی گئی، جس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام اور واعظین نے کہا کہ حضرت علی کرم اللہ وجہہ کے پیغام اور فکر پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔
مجلس کے اختتام پر مبارک حویلی سے مرکزی جلوس عزاداری برآمد ہوا، جو مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا نماز مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہو گا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے چھوٹے جلوس بھی برآمد ہوں گے ، جو مرکزی جلوس میں شامل ہوتے رہیں گے۔ یوم شہادت حضرت علی پر شہر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔