Wednesday, September 1, 2010

لاہور: باپ کا تین بیٹیوں سمیت لرزہ خیز قتل


لاہور: لاہور میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر باپ کو تین بیٹیوں سمیت قتل کر دیا، وزیراعلٰی پنجاب نے ملزموں کی گرفتاری کا حکم دے دیا۔ پولیس کے مطابق مزنگ کے علاقے چاہ پچھوڑا میں عبدالرحمن اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھا، سحری کے وقت نامعلوم افراد نے ان کے گھر میں گھس کر عبدالرحمن اوراس کی بیٹیوں رضوانہ،غزالہ اور کنول کو چھری کے وار کرکے قتل کر دیا جبکہ اس کا بیس سالہ بیٹا عرفان شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے جہاں وہ مسلسل بے ہوش ہے۔

محلے داروں کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو گھر کا دروازہ کھلا تھا پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر مردہ خانہ منتقل کر دیں۔ پولیس کے مطابق چاروں افراد کو بے دردی سے قتل کیا گیا ہے اور یہ دیرینہ عداوت کا معاملہ لگتا ہے تاہم واقعے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے آئی جی پولیس کو ملزموں کی گرفتاری کا حکم جاری کرتے ہوئے جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔